(محمدساجد) عموماً یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ فٹ پاتھ، گلیوں، بازاروں اور سڑکوں پر بنائے گئے مین ہول کے ڈھکن صفائی کے بعد ہول کے اوپر نہیں رکھے جاتے، یا پھر ٹوٹ کر اندر گرجاتے ہیں اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے رہتے ہیں اور ایکشن تب لیا جاتا ہے جب کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے، ایک ایسا ہی واقعہ چین کے شہر میں پیش آیا جہاں لڑکی کھلے مین ہول میں گرگئی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
تفصیلات کےمطابق انگلش نیوز ویب سائٹ ’ ڈیلی میل ‘ نے اس واقعہ کو رپورٹ کیا، جنوب مغربی چین کے شہر چونگ کنگ میں پیش آئے واقعہ کا خوفناک منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا، شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کھلے مین ہول سے کوئی 6، 7 فٹ کی دوری پر ایک لڑکی چلتے آرہی ہے، اگللے کچھ ہی لمحے اُس کے ساتھ کیا ہونے والا تھا اس سے وہ بے خبر تھی، اسی دوران چلتے چلتے لڑکی نے اپنا بیگ کھولا اور اس میں سے کچھ تلاش کرنے لگی گئی۔
جیسے ہی وہ کھلے مین ہول کے پاس پہنچی دھڑام سے اس میں جاگری بدقسمتی سے برقت گرتے ہوئے اسے کوئی نہ دیکھ سکا، لیکن اس کا بیگ کھلے مین ہول کے باہر ہی رہا، کچھ دیر بعد وہاں سے طالب علموں کا ایک گروپ گزرا جنہوں نےلڑکی کی چیخ و پکار کی آواز سنی تو اس کی مدد کی۔
چند طلباء نے اسے بازوؤں سے پکڑ کر گٹر سے باہر نکالا خوش قسمتی سے اسے کوئی گہری چوٹ نہیں لگی تاہم کچھ خراشیں آئیں اور وہ اپنا بیگ اٹھا کر چلی گئی۔