ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹھیکیدار کو واجبات کی عدم ادائیگی ، لاہورہائیکورٹ کا اظہار برہمی

LHC
کیپشن: LHC
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  لاہورہائیکورٹ میں سڑکوں کےٹھیکیدار کو17 کروڑ روپےکےواجبات کی عدم ادائیگی  کیخلاف درخواست پرسماعت ,لاہور ہائیکورٹ کا ٹھیکیدار کو رقم کی عدم ادائیگی پر اظہار برہمی، ڈی سی فیصل آباد سمیت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی میں شامل تمام افسروں  کو کل پھر پیش ہونےکاحکم۔ 

 تفصیلات کےمطابق    چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمدقاسم خان نےرائل کنسٹرکشن کمپنی کے عدیل اکبر کی درخواست پرسماعت کی ،درخواست گزار کی جانب سے چودھری عمران رضا چدھڑ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالتی حکم پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اسد اللہ ، ڈی سی فیصل آبادمحمدعلی ،سی ٹی او فیصل آباد سہیل چودھری سمیت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی فیصل آباد میں شامل تمام افسران پیش ہوئے۔چیف جسٹس محمد قاسم خان نےسیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری صاحب نوکری توبڑی مشکل ہے، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو بولے جی سر! بالکل نوکری تو مشکل ہے،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمدقاسم خان نےکہاجب تک بڑے لوگوں کی خوش آمد نہ کی جائے تب تک اچھی پوسٹنگ نہیں ملتی، سی اینڈ ڈبلیو نے جواب دیا 200 ملین کے کلیم سے 114 ملین روپے درخواست گزار کو ادا کر دیئے ہیں،رقم کی ادائیگی کے حوالے سے رپورٹ بھی جمع کروا دی ہے۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمدقاسم خان نےسیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سےمکالمہ کرتےہوئےکہاآپ نےکابینہ سےمنظوری کےبغیرکمیٹیاں بنائی ہیں؟سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے جواب دیاآپ رپورٹ پڑھیں گے تو سارا معاملہ واضح ہو جائےگا، چیف جسٹس  لاہورہائیکورٹ نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سےمکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ  آپ نے اپنی رپورٹ میں اپنا تشخص مزید خراب ہی کیا ہے، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے جواب دیا سر خدا کو حاضر ناضر جان کر کہتا ہوں کہ یہ رپورٹ عین شفاف انداز میں بنائی گئی ہے، چیف جسٹس محمد قاسم خان نے ریمارکس دیئے اگر ہم خدا کو اس انداز میں حاضر و ناضر جانتے تو یہ بندہ 10 سال سے دھکے نہ کھاتا، بدقسمتی ہے کہ دین کو اس طرح استعمال کیا جاتا ہے، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے کہا دین کو ایک طرف رکھتے ہیں، میں رپورٹ پڑھ کر سناتا ہوں، چیف جسٹس محمد قاسم خان نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا میں آپ کو سننے یہاں نہیں بیٹھا، مجھے بتائیں آپ نے کمیٹیاں کیسے تشکیل دیں؟

 چودھری عمران رضا چدھڑ ایڈووکیٹ نےمؤقف اختیار کیاکہ درخواست گزار نے فیصل آباد اور سرگودھا کے متعدد علاقوں کی سڑکیں کی تعمیر کیں، سڑکوں کی بروقت تکمیل کے باوجود 17 کروڑ روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا،عدالت نے ٹھیکیدار کو رقم  کی ادائیگی کا حکم دیاتو وزیر اعلیٰ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ نے فنڈز ریلیز کرنے کی منظوری دی،فنڈز منظور ہونے کے بعد حکومتی ایم این اے فیض اللہ کموکا نے ڈی سی فیصل آباد سے ملاقات کی،ڈی سی فیصل آباد نے حکومتی ایم این اےکے کہنے پر فنڈز روکنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی  عدالت فنڈز جاری کرنے کا حکم دے۔

لاہور ہائیکورٹ کا ٹھیکہ دار کو رقم کی عدم ادائیگی پر اظہار برہمی، ڈی سی فیصل آباد سمیت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی میں شامل تمام افسران کو کل پھر پیش ہونے کاحکم، خاتون افسروں کی حاضری سے استثنیٰ  دیدیا گی، عدالت کا ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھی رقم کی عدم ادائیگی کی صورت میں افسروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے تیار رہنے کاعندیہ۔