ملک اشرف: ڈومیسائل کی دستاویز کو ختم کرنے کیلئے درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے چودھری عبدالستار کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ہر شہری کی شہریت کی تصدیق کیلئے قومی شناختی کارڈ بنایا جاتا ہے، قومی شناختی کارڈ بنوانے کے عمل میں شہری کی زندگی سے متعلق تمام اعداد و شمار حاصل کیے جاتے ہیں اس لیے شہریت کی تصدیق کیلئے قومی شناختی بنوانا کافی ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قومی شناختی کارڈ کی موجودگی میں ڈومیسائل بنوانا غیر ضروری ہے، اس لیے ڈومیسائل بنوانے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے اور قومی اداروں و محکموں میں ڈومیسائل کی شرط ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔