شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ،لیسکو کی ڈیمانڈ 4500 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ این پی سی سی کی جانب سے بجلی فراہمی 3840 میگاواٹ ہے،کمپنی کو 660 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔لیسکو نے لوڈمینجمنٹ کےنام پر مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ شروع کر دی۔
گزشتہ دنوں گرمی بڑھنے سے ڈیمانڈ 4900 میگاواٹ تک پہنچ گئی تھی۔درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے لیسکو کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ ہو گا۔لیسکو کے 70سے زائد فیڈرز پر لوڈشیڈنگ ہونے لگی ،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔پیک ٹائم میں لیسکو کی ڈیمانڈ 4700 میگاواٹ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب مختلف علاقوں سمیت سنت نگر کے علاقے میں بھی بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کا جینا محال کردیا،گرمی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے تھے، رہائشیوں نے لیسکو دفتر کے باہر بجلی کی طویل بندش کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے آگ جلا کر واپڈا انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیسکو انتظامیہ نے 600 کے وی اے کا ٹرانسفارنر اتار کر اب 200 کے وی اے کا نصب کردیا ہے جو لوڈ زیادہ ہونے پر آئے روز جل جاتا ہے جس وجہ سے بجلی بند ہو جاتی ہے۔ ٹرانسفارمر خراب ہونے سے راتوں کی نیند حرام ہوگئی مگر لیسکو انتظامیہ تعاون کرنے سے انکاری ہے بارہا اس بارے میں شکایت کی گئی لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ شہریوں نے کہا کہ اگر بجلی بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔