( سٹی 42 ) پنجاب میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے توسیع، تعلیمی ادارے، شادی ہالز، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال تاحال بند رہیں گے۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کئیر نے پنجاب میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ سماجی ومذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کیلئے ہجوم کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلیں گے جبکہ میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی اور تندور 24 گھنٹے کھلیں رہیں گے۔
زرعی ورکشاپس کو بھی 24 گھنٹے کھلنے کی اجازت ہوگی۔ کال سنٹرز کو 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ کریانہ سٹور صبح 9 سے شام7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔ محمدعثمان کا کہنا ہے کہ تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک کیلئے کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور،15 جولائی تک نافذالعمل رہے گا۔
ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق شہر میں قاتل کورونا وائرس سے اب تک 663 اموات اور 38746 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب بھر میں کورونا کے 576 نئے کیسز اور 8 اموات ہوئی ہیں، پنجاب میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1681 اور کیسز کی تعداد 74 ہزار 778 ہوگئی ہے، صوبے میں کورونا کی تشخیص کیلئے اب تک 4 لاکھ 85 ہزار 496 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اور کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 26 ہزار 62 ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن میں شہر کے سات مقامات کو مکمل سیل کیا گیا اور کورونا وائرس سے متاثرا افراد کی تعداد میں کمی تو آئی مگر گزشتہ کئی دن سے محکمہ اپنی مکمل صلاحیت پر ٹیسٹنگ کرنے سے قاصر ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں محکمہ صحت ٹیسٹنگ صلاحیت کے مطابق 40 فیصد ٹیسٹنگ بھی نا کر سکا، 17320 کی صلاحیت کے باوجود 7729 ٹیسٹ کئے جا سکے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر کے 301 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ 12 اموات ہوئیں۔