پنجاب میں آج ختم ہونیوالے لاک ڈاؤن کے بعد نئی حکمت عملی کیا ہوگی؟

30 Jun, 2020 | 04:16 PM

Shazia Bashir

قذافی بٹ: صوبے میں آج رات ختم ہونے والے سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد نئی حکمت عملی کیا ہوگی؟، لاہور کے 64 علاقے کھولنے کا اختیار ڈپٹی کمشنر کی سفارشات پر منحصر کردیا گیا۔

 

 لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں کورونا سے متاثرہ علاقے کھولنا ہیں یا نہیں؟ فیصلہ  کورونا وائرس کے کیسز کو مدنظر رکھ کیا جائے گا، لاہور کے 64 علاقوں کا فیصلہ آج کیا جائے گا، لاہور کے 57 علاقوں میں دو ہفتوں جبکہ 7 علاقوں میں ایک ہفتے کا لاک ڈاون کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ ڈی سی لاہور کریں گے، ڈپٹی کمشنر سیل کئے گئے علاقوں میں وبا اور مریضوں کی تفصیلات وزیراعلی کو بھجوائیں گے۔  ڈی سی کی سفارشات پر ہی وزیراعلی حتمی فیصلہ کریں گے۔

        

واضح رہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن میں شہر کے سات مقامات کو مکمل سیل کیا گیا اور  کورونا وائرس سے متاثرا افراد کی تعداد میں کمی تو آئی مگر گزشتہ کئی دن سے محکمہ اپنی مکمل صلاحیت پر ٹیسٹنگ کرنے سے قاصر ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں محکمہ صحت ٹیسٹنگ صلاحیت کے مطابق 40 فیصد ٹیسٹنگ بھی نا کر سکا، 17320 کی صلاحیت کے باوجود 7729 ٹیسٹ کئے جا سکے اور  گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر کے 301 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ 12 اموات ہوئیں۔

 دوسری جانب محکمہ صحت  نے کورونا ٹیسٹنگ کو مزید محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ نے مراسلہ جاری کر دیا، علامات نہ ہونے والے کورونا مریض 10 روز بعد آئسولیشن ختم کر سکتے ہیں۔ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کے مطابق  کورونا مریض علامات ختم ہونے پر مزید 10 روز بعد خود کو قرنطینہ سے باہر لا سکتے ہیں، کھانسی، نزلہ ، زکام و اور دیگرعلامات کو ختم ہوئے 3 روز ہوجائیں تو دوبارہ ٹیسٹ کی ضرورت نہیں۔

مزیدخبریں