(قذافی بٹ) ہسپتالوں میں آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی کا معاملہ، پنجاب میں آکسیجن گیس کے لیے حکومت کا خود پلانٹ لگانے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑے اقدام کی منظوری دیدی۔
حکومت پنجاب نے سپتالوں میں آکسیجن گیس کی کمی کو دور کرنے کے لیے بازار سے آکسیجن سلنڈر خریدنے کی بجائے خود پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری بھی دیدی ہے،پائلٹ پراجیکٹ کے لیے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دیتے ہوئے سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کو دو ہفتے کے اندر پائلٹ پراجیکٹ کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، آکسیجن گیس کا بڑا پلانٹ 8 کروڑ جبکہ در میانہ پلانٹ 6 کروڑ میں لگ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کامیاب ہوا تو دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر بھی پلانٹ لگانے کی منظوری دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت سالانہ 32 کروڑ روپے مالیت کے آکسیجن سلنڈر ہسپتالوں کے لیے خریدتی ہے،کورونا وائرس کی وباء پھیلنے سے آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ،چھوٹے سلنڈر کی قیمت 10ہزار اور بڑے کی25ہزار سے بڑھ گئی ہے ،عام دنوں میں آکسیجن کاچھوٹاسلنڈر 5 ہزار میں دستیاب تھا جو اب 10ہزار سے زائد قیمت میں فروخت ہو رہا ہے،خون میں آکسیجن کی مقدارچیک کرنے والا پلس آکسی میٹر 8سے 10ہزار روپے میں بلیک میں فروخت ہو رہا ہے.
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز او ر آپریشن تھیٹرز مکمل فعال کرنے کیلئے محکمہ صحت سے حتمی پلان طلب کرلیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت 10 روز کے اندر او پی ڈیزاور آپریشن تھیٹرز مکمل فعال کرنے کیلئے اقدامات کرے، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، صوبائی وزیر صحت اوپی ڈیز او رآپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کے حوالے سے لیڈ لیں اور اس ضمن میں ہر ضلع میں فوکل پرسن بھی مقرر کیا جائے۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے کورونا کے مریضوں کو پلازمہ فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارراوئی کا فیصلہ بھی کرلیا۔