نجی یونیورسٹی کے طلبا کو فیس بک پر پوسٹ مہنگی پڑ گئی

30 Jun, 2020 | 04:02 PM

Sughra Afzal

فیصل ٹاؤن (اکمل سومرو) فاسٹ یونیورسٹی کے طلبا کو توہین آمیز سزا، فیس بک پر یونیورسٹی سے متعلق پوسٹ لگانے پر13 طلبا کیخلاف کارروائی، طلبا چار ہفتوں تک یونیورسٹی میں صفائی کا کام کریں گے۔

فاسٹ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی جانب سے طلبا کے خلاف کارروائی کی گئی، مذکورہ طلبا نے یونیورسٹی کے خلاف فیس بک پر پوسٹ لگائی تھی جس پرکارروائی عمل میں لائی گئی، یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا کے تمام کورسز میں ایک گریڈ کم کرنے کی سزا دے دی جبکہ ان طلبا کوروزانہ ایک گھنٹہ کیمپس کی صفائی کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

تیرہ طلبا چار ہفتے فاسٹ یونیورسٹی میں بطور سزا صفائی کریں گے، یونیورسٹی نے ڈگری مکمل کرنے والے بارہ طلبا کی ڈگریاں منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، طلبا کو ڈگریاں جاری ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، فیس بک پر تحریری معافی نہ مانگنے کی صورت میں یونیورسٹی ایچ ای سی کو ڈگریاں منسوخ کرنے کی سفارش کرے گی۔

دوسری جانب ہائیرایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) نے یونیورسٹیوں کی آن لائن کلاسز کی رینکنگ کو جعلی قرار دے دیا، ایچ ای سی نے واضح کر دیاکہ کمیشن سے منسوب تازہ رینکنگ فراڈ ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق ملک کی 138 یونیورسٹیوں نے آن لائن کورسز کی تفصیلات جمع کرائی ہیں جبکہ 30 فیصد یونیورسٹیوں نے تاحال اپنی رپورٹس جمع نہیں کرائیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں کے 42 ہزار 392 اساتذہ آن لائن کلاسز پڑھا رہے ہیں، ملک کی صرف 127 یونیورسٹیوں نے طلبا کو ڈیجیٹل ریسورسز تک رسائی دی۔

ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر سے یونیورسٹیوں کی تفصیلات جمع کرنے کے بعد آن لائن سہولیات سے متعلق رینکنگ جاری ہوگی تاہم اب تک کمیشن کے تحت کسی قسم کی رینکنگ نہیں کی گئی۔

مزیدخبریں