وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اور بڑا فیصلہ

30 Jun, 2020 | 12:06 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز او ر آپریشن تھیٹرز مکمل فعال کرنے کیلئے محکمہ صحت سے حتمی پلان طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، وزیراعلیٰ کے سیکرٹری کوآرڈینیشن ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر او رمتعلقہ حکام نے  شرکت کی-

وزیراعلیٰ پنجاب نے دوران اجلاس ہدایت کی  کہ محکمہ صحت 10 روز کے اندر او پی ڈیزاور آپریشن تھیٹرز مکمل  فعال کرنے کیلئے اقدامات کرے، او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز فعال نہ ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے، او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل ہونے سے مریضوں کو سہولت ملے گی- 

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، صوبائی وزیر صحت اوپی ڈیز او رآپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کے حوالے سے لیڈ لیں اور اس ضمن میں ہر ضلع میں فوکل پرسن بھی مقرر کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہیلتھ پروفیشنلز کورونا وبا میں مثالی کام کر رہے ہیں، پنجاب حکومت ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کی معترف ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پنجاب حکومت کے موثر اقدامات سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے اور صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا، مریضوں کی شرح میں کمی، 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 247 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 38 ہزار 746 تک پہنچ گئی،پنجاب بھر میں کورونا کے 576 نئے کیسز اور 8 اموات ہوئی ہیں، پنجاب میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1681 اور کیسز کی تعداد 74 ہزار 778 ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں