نیب نے شہباز شریف کو ایک اور کیس میں طلب کرلیا

30 Jun, 2018 | 10:42 AM

(سعود بٹ، شاہین عتیق) نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر  میاں محمد شہباز شریف کو  ایک اور کیس میں 5 جولائی کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کو پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کر لیا۔ شہباز شریف کو 5 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔ شہباز شریف سے سید فرخ علی شاہ کی نیپرا اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں غیر قانونی تعیناتی کے حوالے سے سوالات کئے جائیں گے۔شہباز شریف کو اس سے قبل 5 جولائی کو ہی صاف پانی کمپنی کیس میں بھی طلب کیا گیا ۔

علاوہ ازیں نیب نے آشیانہ سکینڈل کیس میں گرفتار ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ سمیت پانچ ملزمان کا ریفرنس احتساب عدالت میں پیش کر دیا۔

 آج ایڈمن جج ریفرنس پر احد چیمہ سمیت دیگر پانچ ملزمان کوجیل سے طلب کریں گے۔آشیانہ سکینڈل میں احد چیمہ، بلال قدوائی، شاہد شفیق، امتیاز حیدر، اسرار سعید اور عارف بٹ شامل ہیں۔

ریفرنس میں ملزمان پر 660 ملین نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ نیب نے ملزمان پر مختلف مد میں مالی بے ضابطگیوں کی بھی نشان دہی کی ہے۔ ریفرنس عدالت میں پیش ہونے پر ایڈمن جج سید نجم الحسن بخاری آج طلبی کے احکامات جاری کریں گے، احد چیمہ کو احتساب عدالت نے 21 مئی سے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا رکھا ہے۔

مزیدخبریں