آزاد رکن کی سیاسی جماعت میں شمولیت ناقابلِ تنسیخ؛ قومی اسمبلی میں ترامیم کا بل آ گیا

30 Jul, 2024 | 10:44 PM

سٹی42: حکومت نے آزاد ارکان کے سیاسی وابستگی الیکشن سے پہلے ظاہر کرنے، بار بار پارٹی بدلنے پر پابندی اور سیاسی جماعت کے مخصوص نشستوں کے دعوے کو اپنے  امیدواروں کی ترجیحی لسٹ بروقت جمع کروانے سے مشروط کرنے کے لئے الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل  قومی اسمبلی میں پیش کر دیا، سپیکر ایاز صادق نے یہ بل قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

قومی اسمبلی میں آج پیش کئے گئے بل میں الیکشن ایکٹ 2017 کی دو شقوں میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے۔ ایک ترمیم کے بعد  الیکشن میں کامیاب ہونے والے  آزاد امیدوار کی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی مہلت تین دن ہو گی اور اس کی سیاسی جماعت میں شمولیت  ناقابل تنسیخ ہو گی۔

اگر کوئی آزاد رکن تین دن تک کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوتا تو اس کے بعد وہ کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوسکے گا۔

کسی آزاد رکن اسمبلی کی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی  پہلی رضامندی کی تنسیخ کیلئے کسی بھی عدالت کا فیصلہ اثر انداز نہیں ہو سکے گا۔ یعنی ایک مرتبہ کوئی آزاد رکن کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے بعد اسے چھوڑ کر کسی دوسری سیاسی جماعت میں نہیں جا سکے گا۔

دوسری شق میں ترمیم کی تجویز یہ ہے کہ اگر کوئی سیاسی جماعت طے شدہ مدت میں مخصوص نشستوں کے لئے اپنے ارکان کی ترجیحی فہرست جمع کرانے میں ناکام رہتی ہے تو وہ ان نشستوں کی اہل نہیں رہے گی۔

آزاد امیدوار کے لیےترمیمی بل میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ الیکشن کے لئے انتخابی  نشان الاٹ سے قبل ریٹرننگ آفیسر کے روبرو  بیان حلفی میں  آزاد امیدوار اپنی سیاسی وابستگی کے متعلق بتائے گا۔  بیان حلفی میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ سیاسی وابستگی ظاہر نہ کرنے کی صورت میں ہی  وہ  امیدوار آزاد امیدوار تصور ہوگا۔

منگل کی شام قومی اسمبلی اجلاس کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ مسلم لیگ نون کے  ارکان زیب جعفر اور بلال اظہرکیانی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا۔ اس موقع پر اپوزیشن نے بل کی مخالفت کی اور نو نو کے نعرے لگائے۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ 

دوسری ترمیم کے مطابق جس پارٹی نے مخصوص نشستوں کی فہرست الیکشن کمیشن کو جمع نہ کرائی ہو اسے مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، یہ دونوں ترامیم پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی۔

پہلی ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 66 جبکہ دوسری ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 104 الف میں متعارف کرائی گئی ہے، ترمیمی الیکشن ایکٹ 2024 بَل میں مخصوص نشستوں بارے آئینی و قانونی حدود کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں