ڈھائی گھنٹے کی بارش  سے لاہور دُھل کر نیا ہو گیا

30 Jul, 2024 | 05:22 PM

وسیم عظمت: بارش کے چھٹے سپیل نے لاہور میں بارش کے پرستاروں کے تمام ارمان پورے کروا دیئے۔ منگل کی دوپہر  بادل ایسا جم کے برسا کہ ماحول  پر چھائی تمام حدت اور حبس پانی کی سحر آفریں پھواروں میں تحلیل ہو گئی۔

بارش کے بعد لاہور میں ساون کی روایتی شام کا سماں ہے، سڑکوں پر بارش کا پانی ہے لیکن شہری مزے سے اپنے روز مرہ کام کاج بھی کر رہے ہیں اور بارشی موسم کے شایانِ شان شام کی چائے کے ساتھ کھانے کے لئے سموسے، پکوڑے ، مچھلی اور دیگر  پکوانوں کی دوکانوں  کا رخ بھی کر رہے ہیں۔

میٹ آفس نے آج منگل کے روز بارش کی پیشگوئی کر رکھی تھی، ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیسد کے لگ بھگ تھا اور  آسمان پر منتشر بادل موجود تھے۔  دوپہر تک  بادل مجتمع ہو کر بارش برسانے کے قابل ہو گئے اور  ڈیڑھ بجے کے لگ بھگ موٹی موٹی کنیوں کے ساتھ  بارش کا آغاز ہو گیا، دیکھتے ہی دیکھتے چھاجوں مینہہ برسنے لگا اور سڑکوں پر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سوار اور پیدل راہگیر پناہ کی تلاش میں ادھر اُدھر بھاگتے نظر آئے لیکن بیشتر کسی شیڈ کے نیچے پہنچنے سے پہلے شرابور ہو گئے۔

دوپہر ڈیڑھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک شراٹے کی بارش نے لاہور کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں اور گلیاں پانی میں گم ہو گئیں۔ بعض نشیبی گھروں میں پانی بھی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم بارش کے سبب کوئی سنگین حادثہ اب تک رپورٹ نہیں ہوا۔ 

بعد میں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تیز بارش نے شہر کے کئی انڈر پاس بند کروا دیئے ہیں اور نشیبی سڑکوں پر ٹریفک میں شدید خلل پڑ رہا ہے۔ سبزی منڈی میں بھی پانی بھر گیا ہے جس سے وہاں کام کرنے والے محنت کش بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ 

مزیدخبریں