سیلاب میں  تیس کلومیٹر ایل ٹی تار اور وزنی ٹرانسفارمر بہہ گئے؟

30 Jul, 2023 | 02:43 PM

سٹی42: قصور  کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کااخراج 70ہزار کیوسک ہوگیا ۔ پندرہ دیہاتوں کا زمین رابطہ بحال نہ ہوسکا۔

  کھیتوں اور کھلیانوں میں تین سے چار فٹ پانی جمع ہے،  باغات، مکئی ، گنا اور چاول کی فصلیں صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

سیلاب سے کھیتوں میں کھڑی فصلوں اور گھروں کا نقصان تو ہوتا ہی ہے لیکن لیسکو کے حکام نے دعویٰ داغ دیا ہے کہ ستلج کےسیلاب میں لیسکو کے کھمبوں پر لگے ہوئے 30 کلومیٹر تار بھی بہہ گئے، گیارہ کے وی کے موٹے تار پانچ کلومیٹر کھمبوں سے گر کر بہہ گئے اور کھمبوں پر مضبوطی سے آویزاں  تین سو زرعی ٹیوب ویلوں کے لئے نصب ٹرانسفارمر بھی کھمبوں سے اتر کر پانی میں بہہ گئے۔

ایس ای لیسکو جمشید زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ  تین سو زرعی ٹیوب ویلز کے ٹرانسفارمر  سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ایس ای  جمشید زمان نے مزید یہ بھی دعویٰ کیا کہ  پانچ کلومیٹر 11 کے وی جبکہ تیس کلو میٹر  ایل ٹی تار  بھی سیلابی پانی میں بہہ گئی۔ ایس ای کا کہنا ہے کہ  سیلابی پانی مکمل اترنے کے بعد واپڈا کی تنصیبات کے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا۔

مزیدخبریں