ویب ڈیسک: پنجاب کے نگراں وزیراعلی محسن نقوی نے پر امن اور کسی بھی حادثہ سے پاک روزِ عاشورہ کو یقینی بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ اور پاک فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطہ کی ویپ سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ الحمدللہ! پنجاب میں تمام جلوس اور "شام غریباں مجالس" پرامن اور کسی حادثہ کے بغیر کے اختتام پذیر ہو گئے۔ انہوں نے عزاداروں کے لیے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے میں ان کی انتھک کوششوں کے لیے ہمت اور جذبہ سےسرشار ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو سلام پیش کیا ۔اپنی ٹویٹ پوسٹ میں محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کے 95 فیصد علاقوں میں فعال سیلولر سروسز کے باوجود سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر انٹیلی جنس ایجنسیوں، سی ٹی ڈی، پولیس، رینجرز اور پاک فوج تعریف کے مستحق ہیں۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے مل کر اسلام کے امن اور ہم آہنگی کے حقیقی پیغام کو کامیابی سے پھیلایا ہے۔