(عمر اسلم/علی اکبر)پی ٹی آئی اور اتحادی جماعت کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی نے مقررہ وقت پر کاغذات جمع نہیں کرائے۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن نے ڈپٹی سپیکر کے لئے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی کو نامزد کیاتھا، علی حیدر گیلانی نےڈپٹی سپیکر کے لئے اپنے کاغذات مقررہ وقت پر جمع نہیں کرائے جس وجہ سےحکومتی اتحاد کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں ڈپٹی سپیکر کےانتخاب حکومتی اتحاد کے امیدوار واثق قیوم نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے تھے ۔اس موقع پر رکن اسمبلی ندیم عباس بارا، سید یاور عباس بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سبطین خان سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے،پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے سبطین خان کی کامیابی کا اعلان کیا،پینل آف چیئرمین کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے سبطین خان ایوان کے نئے کسٹوڈین ہوں گے۔
ن لیگ اوراتحادی جماعتوں کے امیدوار سیف الملوک نے سبطین خان کو کامیابی پر مبارک باد دی۔ سبطین خان کی کامیابی پر تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان میں نعرے بازی کی۔