ویب ڈیسک:آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ نے کِرس راک کو آسکر تقریب کے دوران مُکا مارنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میرا رویہ ناقابلِ قبول تھا۔
اداکار ول اسمتھ نے آسکر تقریب میں اکیڈمی ایوارڈز کے میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے کے چند ماہ بعد، ایک ویڈیو کے ذریعے کرس راک سے مانگی ہے جوکہ اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
ول اسمتھ نے تقریباً چھ منٹ کی طویل ویڈیو میں کہا کہ میں تم سے معافی چاہتا ہوں، میرا رویہ ناقابل قبول تھا اور میں اس وقت حاضر ہوں جب آپ بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔ویڈیو میں اسمتھ نے کہا کہ اُن کا پیغام کرس راک تک پہنچ گیا ہے لیکن جو پیغام واپس آیا وہ یہ ہے کہ وہ بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ول اسمتھ نے کہا کہ کرس راک کا جب مجھ سے بات کرنے کے لیے دل مطمئن ہوگا تو میں اُن سے بات کروں گا۔
یاد رہے کہ رواں سال آسکر ایوارڈ کے سلسلے میں جاری لائیو شو کے دوران کامیڈین کرس راک کی جانب سے میزبان اور شرکاء کو ہنسانے کا سیشن جاری تھا، اس دوران کرس راک نے شرکاء کو ہنسانے کی غرض سے بہترین اداکار نامزد ہونے والے اداکار ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کو مذاق کا نشانہ بنایا تھا۔
کرس راک کا جاڈا پنکٹ کے بالوں کی کٹنگ کا مذاق اور ایک فلم کے سیکوئل میں کام کرنے سے متعلق تجویز دی گئی، اس مذاق پر آسکر ایوارڈ کے ہال میں ایک دم خاموشی چھا گئی اور سب ہی اس مذاق پر حیران ہو گئے تھے۔
اپنی اہلیہ کا نام آنے پر ول اسمتھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سیخ پا ہو گئے تھے۔ ول اسمتھ اپنی کرسی سے اُٹھ کر اسٹیج پر جا پہنچے اور کرس راک کو مکا دے مارا، اسٹیج سے واپس آتے ہوئے ول اسمتھ کا کرس راک پر چلّاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میری بیوی کا نام اپنے منہ پر مت لاؤ‘۔
واضح رہے کہ ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ بالوں کی بیماری ’ایلو پیشیا‘ کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔