(ویب ڈیسک)حکومت پاکستان نے پاک فضائیہ کے دو ایئر آفیسرز کو ایئر مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی، ترقی پانے والوں میں ایئر مارشل ذوالفقار احمد قریشی اورایئر مارشل محمد مغیث افضل شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ائیر مارشل ذوالفقار احمد قریشی نے جون 1988 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن اور فلائنگ ونگ کی کمانڈ کی، آپ کالج آف فلائنگ ٹریننگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں کمانڈنٹ تعینات رہے۔ بطور کمانڈنٹ ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ فیصل بھی خدمات سرانجام دیں۔آجکل ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (ٹریننگ) تعینات ہیں۔ انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ہلالِ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔
ایئر مارشل محمد مغیث افضل نے دسمبر 1988 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، فلائنگ ونگ اور آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی، ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی اور ایئر آفیسر کمانڈنگ ویسٹرن ایئر کمانڈ بھی تعینات رہے، آجکل بطور ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئرکمانڈ خدمات سر انجام دے رہے ہیں، انہیں پاک فضائیہ میں شاندارخدمات پرستارہ امتیاز(ملٹری)سے نوازا گیا۔