ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ایئر لائن ایمریٹس نے پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا پر سفری پابندی کو 7 اگست تک بڑھا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایمریٹس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام حکومت کے احکامات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے اور حکومتی ہدایات کے مطابق بھارت، بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں کے لیے پابندی 7 اگست 2021 تک بڑھا دی گئی ہے مزید یہ کہ ایسے مسافر جنہوں نے 14 روز کے دوران پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا سفر کیا ہو، وہ یو اے ای کے کسی بھی علاقے کا سفر نہیں کر سکیں گے۔
یادرہے ایمریٹس پابندی کی تاریخوں میں کئی مرتبہ توسیع کرچکی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کے باشندے، گولڈن ویزہ رکھنے والے اور سفارت کار، جو کورونا کے پروٹوکول کے معیار پر پورے اترتے ہوں، وہ ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔ایئرلائن کے مطابق تصدیق کے لئے جلدی فون کرنے کی ضرورت نہیں مسافر اپنے ٹکٹس سنبھال کر رکھیں اور جب پروازیں بحال ہو جائیں گی تو رابطہ کریں۔