(عثمان علیم) ضلعی انتظامیہ نے شہر میں اجتماعی قربانیوں کیلئے 196 قربان گاہیں قائم کر دی، 62 لوڈرز، 151 ٹرالیاں قربان گاہوں سے آلائشیں ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کرنے کے لیے پابند کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اجتماعی قربان گاہوں پر کیے گئے انتظامات کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، شہر میں مجموعی طور پر 196 اجتماعی قربان گاہیں قائم کی گئی ہیں جن میں سے البیراک نے 58 اور اوزپاک نے 138 قربان گاہیں قائم کی ہیں، جہاں 62 لوڈرز اجتماعی قربان گاہ پر کام کریں گے، 151 ٹرالیاں اجتماعی قربان گاہوں پر کام کریں گی جو کہ آلائشوں کو ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربان گاہوں پر ایس او پیز کو بھی مد نظر رکھا جائے گا، اجتماعی قربان گاہوں پر فوکل پرسنز تعینات ہوں گے، قربان گاہوں پر مشینری کا بھرپور استعمال عمل میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹری سٹاف قربان گاہوں پر موجود ہو گا، سینیٹری ورکرزکی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ہیں، اجتماعی قربان گاہوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی، اجتماعی قربان گاہوں سےفضلہ کو اُٹھا کر نزدیکی ویسٹ کولیکشن پوائنٹ پرمنتقل کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے شہر میں آلائشیں اکھٹی کرنے اور تلف کرنے کیلئے پلان ترتیب دے دیا، شہر بھر میں 119 کولیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ آلائشیں اکھٹی کرنے کیلئےالبیراک کے 60، اوزپاک کے 52 اور ایل ڈبلیو ایم سی کے 07 کولیکشن پوائنٹس قائم کئے جائیں گے، ٹرانسفر اسٹیشن سے آلائشوں کو مشینری کی مدد سے ڈمپنگ سائیڈ پر منتقل کیا جائے گا، جس کیلئےعید کے تین دن ایک ہزار22 ڈمپر، 186 لوڈرز ، 266 ٹرالیاں ، جبکہ 356 اکسیکویٹرز لگائے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کو گندگی سے بچانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔