گڈ گورننس پنجاب حکومت کیلئے گلے کی ہڈی بن گئی

30 Jul, 2020 | 01:48 PM

Shazia Bashir

سٹی42: گڈ گورننس بزدار سرکار کے لیے گلے کی ہڈی بن گئی، کار کردگی کیسے بہتر بنائیں؟  کیسے پنجاب بہتر نظر آئے؟  بزدار حکومت پریشان ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب کی گڈ گورننس کوبہتر بنانے اور کارکردگی کو سامنے لانے کے لیے بزدار سرکار نے گڈ گورننس کمیٹی سے تجاویز طلب کرلی ہیں، ذرائع کے مطابق کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ ایسی تجاویز دی جائیں کہ راتوں رات پنجاب حکومت کا امیج بہتر ہوسکے، کمیٹی کو عید کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر تجاویز وزیر اعلی کی ٹیبل پر پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء اور بیورو کریسی مل کر کارکردگی رپورٹ بنائیں گے جوعوام کے لیے قابل قبول ہو، کمیٹی کو کابینہ کے تمام  وزراء سے ایک بار پھر اپنے اپنے محکموں میں کیے جانے والے اقدامات کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، پنجاب حکومت کی گڈ گورننس سامنےلانے کے لئے کل 14 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

 دوسری جانب  پنجاب حکومت کا گزشتہ مالی سال 19-20 میں مکمل کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے پیش نظر ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مالی سال 19-20 میں مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

پنجاب میں گزشتہ مالی سال میں مکمل کیے گئے منصوبوں کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی ایولیو ایشن کے لیے مکمل شدہ منصوبوں کا پلاننگ کمیشن 4 جمع کروایا جائے،تمام ڈپٹی کمشنر مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ ایویلیو ایشن رپورٹ کی تیاری شروع کی جا سکے۔

مزیدخبریں