جنیدریاض: آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم جزوی طور پرابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہنے کے باعث آج تیزہواوں کیساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ موسم ابر آلود رہنے کے باعث آج شہرمیں تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا جبکہ آج صبح کے وقت شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت یہ تناسب 72 فیصد رہےگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بھی شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
بارش سے شہر میں حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا مگر نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اور محکمہ موسمیات نےمزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید پر یشانی کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے نتیجے میں تاحال نشیبی علاقے زیر آب ہیں، تاجپورہ سکیم، غوثیہ کالونی، ضرار شہید روڈ، غازی آباد، نظام آباد، میاں امیرالدین پارک، خواجہ احمد حسان روڈ سمیت دیگرعلاقوں سے پانی نہ نکالا جاسکا۔
متاثرہ علاقوں میں گلیاں، محلے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، شہریوں نے حکومت اور واسا حکام سے نکاسی آب کا مطالبہ کیا ہے، اسی طرح گلبرگ میں ظہور الہی روڈ، کنال روڈ، اچھرہ، چونگی امرسدھو کے علاقوں میں پانی جمع ہے، بارش کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک جام اور دیگر سڑکوں پر سست روی کا شکار رہی۔