صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

30 Jul, 2020 | 11:14 AM

Azhar Thiraj

قیصر کھوکھر: صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد بھی انتظامی افسران کو ہی کرانا ہوگا۔

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،اجلاس میں  اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی، سمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال اور مویشی منڈیوں میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ خوراک، زراعت، انڈسٹریز کے سیکرٹریز، کمشنرلاہور اور سی سی پی او نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اورڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں ہونیوالی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ میں اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں ماہ گرانفروشی پر 852افراد گرفتار، 898مقدمات درج کئے گئےجبکہ گرانفروشوں کو مجموعی طورپر5کروڑ 75لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔

صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے کہا کہ انتظامیہ اشیاء کی قیمتوں کا خود تعین کرتی ہے۔ مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد بھی انتظامی افسران کو ہی کرانا ہوگا۔انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ آٹے کی مقررہ قیمت پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے کہا کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی فراہمی اور پسائی کے عمل کی مکمل نگرانی کی جائے۔ عید پر ٹماٹر، پیاز، ادرک، لیموں اوردیگر اشیاء کی قیمتوں اور رسد پرکڑی نظر رکھی جائے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہاکہ عوام اپوزیشن کے بیانیہ کیساتھ نہیں حکومتی پالیسیوں کےساتھ کھڑے ہیں ،سیاسی مخالفین پارلیمنٹ کے اندر اورباہر کہیں بھی عوام کی بات نہیں کرتے ،چودھری محمد سرور نے کہاکہ ملک کو معاشی طر پر مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ،وزیراعظم اصولوں پر ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں سمجھوتہ کرنے والے نہیں ،انہوں نے کہاکہ عوام نے عید اورمحرم الحرام میں ایس او پیز پر عمل کرلیا تو انشاءاللہ ہم کورونا کو شکست دے دینگے۔

مزیدخبریں