لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا انوکھا فارمولا، مارکیٹیں بیرئیرز ، قناتیں لگا کر سیل

30 Jul, 2020 | 09:59 AM

Sughra Afzal

شہر بھر سے (شہزاد خان، حسن علی، فاران یامین) لاک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کیلئے پولیس نے شاہ عالم مارکیٹ، انارکلی بازار اوراچھرہ سمیت دیگر مارکیٹوں کے داخلی راستے قناتیں، بیرئیرز اور خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیئے، پولیس نے مارکیٹوں اور بازاروں میں شہریوں کا داخلہ بند کر دیا،  کھلنے والی 30 دکانیں سیل اور 29 افراد کیخلاف مقدمات درج کردیئے گئے۔

انجمن تاجران کے قائدین نے شاہ عالم چوک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ قرار دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، انجمن تاجران کے  مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجر دشمن حکومت ہے، جب تاجر دوست حکومت آئے گی تو تاجروں کے ساتھ زیادتی کرنے والے پولیس افسروں کو صوبہ بدر کرادیں گے یا او ایس ڈی بنوا دیے جائیں گے۔

تاجر قائدین نے فیصل آباد، ملتان اور لاہور میں تاجروں کی گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔

جوہر ٹاؤن جی ون مارکیٹ کی تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کی قیادت صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ نے کی، مظاہرے میں صدر مارکیٹ حاجی اشفاق احمد، سعید مغل، عمران خان، حافظ سجاد، آصف خان، اظہر خان، علی افضل سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی، تاجروں نے لاک ڈاؤن نامنظور کے نعرے لگائے۔

مجاہد مقصود بٹ نے  کہا کہ  تاجروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے جبکہ چھوٹا تاجر بھوکا مر رہا ہے۔ حاجی اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم تاجروں پر ظلم بند کریں اور کاروبار کرنے کی اجازت دیں۔

واضح رہےکہ 28 جولائی کو پنجاب حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں9 روز کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا، تمام مارکیٹیں شاپنگ سنٹرز ،  بازار، ریسٹورنٹس، سینما، بیوٹی پارلر اور ہیئرڈریسرکی دکانیں 9 روز کیلئے بند کردی گئیں، لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹورز، گراسری سٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے ہوں گے۔

مزیدخبریں