( شاہین عتیق ) غریب گھرانے کی لڑکیوں کی غربت کا فائدہ اٹھا کر ان سے شادی کرنے بعد میں دبئی لے جاکر فروخت کرنیوالے گروہ کا انکشاف، جوہرٹاؤن کی متاثرہ لڑکی رابعہ انصاف کیلئے سیشن کورٹ پہنچ گئی، ملزم قاسم کی گرفتاری کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں جوہرٹاؤن کی رابعہ نامی لڑکی پیش ہوئی، جس نے ملزم قاسم کی ضمانت خارج کرنے کیلئے درخواست دائر کی۔ رابعہ نے بتایا کہ وہ غریب گھرانے کی لڑکی ہے، جوہرٹاؤن میں قاسم نامی شخص سے رابطہ ہوا، اس نے سبزباغ دکھا کر اسے اعتماد میں لے لیا، بعد میں اس نے جھانسہ دیکر شادی کر لی، لیکن نکاح رجسٹرڈ نہیں کرایا۔
ملزم اسے دبئی لے گیا جہاں اُس کی اصلیت معلوم ہوئی، جب اس نے اسے ایک خاتون کے حوالے کردیا۔ وہاں لڑکیوں کو جسم فروشی کیلئے بھجوایا جاتا تھا۔ اُسے بھی استعمال کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ لاہور بھاگ آئی اور تھانہ فیصل ٹاؤن میں مقدمہ درج کرادیا، 3 ماہ ہوگئے، ابھی تک قاسم کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔
را بعہ نے کہا کہ ملزم نے سول کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی ہے۔ استدعا ہے کہ درخواست خارج کرکے ملزم کو گرفتار کیا جائے۔ عدالت نے فیصل ٹاؤن پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔