سٹی42: حماس نے القسام بریگیڈکے سربراہ محمد الضیف اور کئی دوسرے کمانڈروں کے اسرائیل کے حملے میں مارے جانے کی تصدیق کر دی۔ اسرائیل کی فوج نے گزشتہ سال یکم اگست کو بتایا تھا کہ القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد الصیف کو ایک حملے میں مار دیا گیا ہے۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے آج ایک ویڈیو بیان میں محمد الضیف کے مارے جانے کی تصدیق کی۔
الجزیرہ نیوز نے یکم اگست 2024 کو خبر شائع کی تھی کہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کے اعلیٰ فوجی کمانڈر محمد دیف 13 جولائی کو جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔
حملے کے فوراً بعد آئی ڈی ایف نے امکان ظاہر کیا تھا کہ قسام بریگیڈ کے سربراہ کو بھی اس حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق کرنے میں اٹھارہ دن لگ گئے تھے۔ یکم اگست جمعرات کو اسرائیلی فوج نے کہا، "اب ہم تصدیق کر سکتے ہیں: محمد دیف کو ختم کر دیا گیا تھا۔"
آج جمعرات 30 جنوری کو سامنے آنے والے ویڈیو کلپ میں حماس کے ترجمان ابو عبیدہ نے محمدضیف کے نائب مروان عیسیٰ اور القسام بریگیڈز کے کئی کمانڈروں ابو طماعہ، رائد ثابت، رافع سلامہ، احمد الغندور اور ایمن نوفل کے بھی اسرائیلی حملوں میں مارے جانےکا اعلان کیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے المواسی کیمپ میں حماس کے اہم لیڈروں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک کمپاؤنڈ پر بڑا فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 90 فلسطینی شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس حملے محمد الضیف اور ان کے ساتھ موجود رافع سلامہ مارےگئے تاہم حماس کی جانب سے اس وقت اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔