شہباز علی:،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کھیلتا پنجاب گیمز میں شریک تمام کھلاڑیوں کو الیکٹرک بائیک دینے کا اعلان کردیا، ،پنجاب سٹیڈیم میں کھیلتا پنجاب گیمز کی افتتاحی تقریب میں مریم نواز کے اس اعلان کو سن کر کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کھیلتا پنجاب گیمز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اُبھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو دیکھ کر خوشی ہوئی،پنجاب کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں ،
تعلیم کے بعد بچوں کو کھیلتا،آگے بڑھتا دیکھنا چاہتی ہوں،پنجاب خوش نصیب ہے جس کی 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،پنجاب میں کھیل کے میدان کئی سال سے ویران تھے ۔کھیلتا پنجاب گیمز میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے مقابلے ہونگے،آج کھیلوں میں انقلاب کا آغاز ہورہا ہے،نوجوان بچے اور بچیاں پاکستان سپورٹس کا مستقبل ہیں ،پہلی مرتبہ پنجاب میں انٹر کلب مقابلے ہوئے ہیں ،کھیلوں کا بجٹ بڑھانے کو تیار ہوں ،کھلاڑیوں کو کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہیے ،بچوں کو قومی ہی نہیں ،عالمی سطح پر بھی فتح یاب دیکھنا چاہتی ہوں، مریم نواز نے بتایا کہ سات فروری کو ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز کرنے جارہے ہیں ،
وزیر اعلیٰ مریم نے گیمز میں شریک ہونے والے تمام کھلاڑیوں کو الیکٹرک بائیک دینے کا اعلان کردیا، ان کھلاڑیوں میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہیں۔
گیمز کے افتتاح کے بعد مریم نواز کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل گئیں، بہت سے کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔
کھیل کے وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے کھیلتا پنجاب گیمز کی افتتاحی تقریب میں دوسرے منتظمین کے ساتھ وزیراعلیٰ مریم کا استقبال کیا، مریم نواز نے انکلوژر کے سامنے جا کر شائقین کے استقبالی نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔تقریب میں سینئر سیاستدان پرویز رشید ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اورصوبائی وزیر سالک حسین ن بھی بہت سے دیگر معزز مہمانوں کے ساتھ شریک تھے۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم خاص طور سے گیمز کے افتتاح میں آئے۔ کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک تھی۔