سٹی42: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نےاین اے 127 میں ووٹ خریدنے جانے کا الزام لگا دیا۔
پہلے یہ الزام مسلم لیگ نون کے بعض حامیوں کی جانب سے لگایا جا رہا تھا، اب پہلی دفعہ مسلم لیگ نون کی سینئیر لیڈر شپ میں شمار ہونے والی مریم نواز نے بھی یہ الزام دہرا دیا۔
این اے 127 کے علاقہ ٹاؤن شپ میں مین مارکیٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر این اے 127 میں کوئی سمجھتا ہے ووٹ خرید لے گا تو یہ اس کی بھول ہے، یہ نوازشریف کے نوجوان ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ یہاں کسی کو مناظرہ کرنے کا بہت شوق ہے، مناظرہ کرنا ہے تو کر لو، مناظرہ تو تب بنتا ہے جب آپ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے جتنے ترقیاتی کام کیے ہوں، تم نے دانش سکول جیسے تعلیمی ادارے بنائے ہیں تو مقابلہ بنتا ہے، تم نے لاہور کی میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین جیسا کچھ بنایا ہے تو مناظرہ کرلو۔ ہم یہاں سے ترقی کراچی لیکر جائیں گے، عطاء اللہ تارڑ نواز شریف کا وہ کارکن ہے جب سب لوگ گھروں میں بیٹھے ہوتے تھے تو عطاء اللہ تارڑ اکیلا لڑتا تھا، یہ بہادر، محنتی اور وفادار بھی ہے، جب عطاء اللہ تارڑ یہاں سے جیتیں گے تو آپ کی بہت خدمت کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں ایسا لگتا تھا کہ لاہور لاوارث ہو گیا، وہ لاہور جس کو شہباز شریف نے بہت محنت سے سجایا تھا، وہ سب کچھ تباہ کردیا گیا، شہباز شریف صبح پانچ بجے اُٹھ کر ترقیاتی پراجیکٹس پر پہنچ جاتے تھے۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے دن رات عوام کی خدمت کی ہے، جب خدمت کی ہو تو پیسے دے کر ووٹ نہیں خریدنے پڑتے، یہ لوگ لاہور میں آکر لاہور پر بہت تنقید کرتے ہیں مگر ان کا اور مسلم لیگ ن کے منصوبوں کا کوئی مقابلہ نہیں۔