پرویز الہیٰ حق سچ پر ہی ہونے کیوجہ سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں، ثمیرہ الہیٰ

30 Jan, 2024 | 06:06 PM

This browser does not support the video element.

ویب ڈیسک: چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الہیٰ کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ حق سچ پر ہی ہونے کیوجہ سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں۔ 

چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الہیٰ نے گجرات پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ کون حق پر ہے چھ بہنوں کا پرویزالہیٰ کے ساتھ ہونا اس بات کا ثبوت  ہے، پرویز الہیٰ کو جب گرفتار کیا گیا تو ہم دو بہنون کے علاؤہ کوئی بچانے کیلئے باہر نہ نکلا۔  پرویز الہیٰ کو جس انداز سے گرفتارکیا گیا زندگی بھر نہ بھولیں گے۔ چودھری شجاعت کو کبھی نہیں کہا کہ پرویز الہیٰ کو چھڑا کر لائیں۔ رب سے دعائیں ضرور کررہے ہیں اللہ ہی ان کا محافظ ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ ظہور پیلس میں تالےلگانے اور توڑنےکی باتیں افسوسناک ہیں۔ 2004 سے سیاست میں ہوں کا راگ الاپنے والے امیدوار کی عمر تو چیک کریں اس وقت وہ کس کلاس میں تھا۔  دادا ظہور الٰہی کی برسی پر آنے کو شجاعت کے بیٹے بدعت قرار دیتے تھے۔ آج اپنی انتخابی مہم میں  دادا کا نام استعمال کرنیوالوں کو دادا کے قبرستان کا راستہ بھی نہیں پتہ تھا ، پرویز الہیٰ کے سوا کوئی ہمارے باپ کے نقش قدم پر نہیں چل رہا۔  ہم اپنے لئے نہیں لیکن ان لوگوں کیلئے پریشان ہیں جنہیں اٹھایا جارہا ہے۔ ظہور الٰہی کی بیٹیاں ظلم کا ہر سطح پر مقابلہ کرینگی کوئی خوف زدہ نہیں کر سکتا۔ پرویز الہیٰ کی انتخابی مہم کیلئے جو ہمارے پاس آتا ہے اسے تھانہ بلا لیا جاتا ہے ،ظہور الٰہی خاندان سے وابستہ افراد کو آج روک رہے ہیں کہ وہ ہم سے ملاقات نہیں کر سکتے۔ 

ثمیراالٰہی کا کہنا تھا کہ گجرات میں جو ہو رہا ہے جن کیوجہ سے ہو رہا ہے سب جانتے ہیں ، پرویز الہیٰ کو مرضی کا انتخابی نشان بھی نہیں دیا جا رہا  ، انتخابی نشان کوئی بھی ہو عوام ووٹ پرویز الہیٰ کو ہی دینگے ۔ پرویز الہیٰ جلد واپس آکر  اپنے رکے منصوبے وہیں سے شروع کرینگے۔ 

انہوں نے مزید کہاکہ جب سے الیکشن شروع ہوئے اس وقت سے شجاعت حسین سے بات نہیں ہونے دی جارہی۔ شجاعت حسین نے واضح کر دیا تھا کہ پرویز الہیٰ جس حلقے سے الیکشن لڑے گا وہاں فیملی کا کوئی دوسرا امیدوار نہیں ہوگا، ہمیں اندازہ ہے شجاعت حسین اب مجبور ہیں۔ جس طرح رشتوں کو پامال کیا گیا وہاں اب دوریاں ختم ہوتی دکھائی نہیں دیتیں ،  فیملی میں فیصلہ ہوا تھا کہ ظہور پیلس میں بیٹھ کر کوئی انتخابی مہم نہیں چلائے گا ، پرویز الہیٰ نے ظہور پیلس میں الیکشن مہم نہ کرنے بارے تحریر دی جسکی شجاعت حسین نے منظوری دی۔ میرے بیٹے کرم الہی کو ظہور پیلس کی دہلیز سے بلا وجہ گرفتار کرنیکی کوشش کی گئی۔ 

مزیدخبریں