(طیب سیف) احمد اسحاق جہانگیر نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ احمد اسحاق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل تعینات تھے۔
ایف آئی اے ہیڈ کواٹر اسلام آباد آمد پر اُنہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، ایف آئی اے کے چاق و چوبند دستے نے ڈی جی کو سلامی پیش کی۔ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ ملک میں جاری انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائمز چیلنجز کو کنٹرول کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہوگی۔
سوشل میڈیا پر جعلی، قابل اعتراض اور نفرت آمیز مواد شئیر کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انسانی سمگلنگ جیسے بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کیلئے قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے تفتیشی افسران اور سینئر افسران کی پیشہ ورانہ ٹریننگز پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کر دیے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات جاری رہیں گے۔ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بدعنوانی، لاپروائی میں ملوث افسران کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔