سٹی42: پی ٹی آئی کے لیے امریکا میں بھاری معاوضہ کے عوض ایک اور لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔
صحافتی ذرائع کے مطابق لابنگ فرم کی خدمات پی ٹی آئی کے ساتھ تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی نژاد امریکن فیاض قریشی نے حاصل کیں۔
لابنگ فرم ایل جی سی ایل ایل کی خدمات 16 جنوری سے یکم مارچ تک 45 دن کے لیے حاصل کی گئیں۔ لابنگ فرم کو 45 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے،جبکہ 35 ہزار پاؤنڈ ادا کیے جا چکے ہیں۔ فیاض قریشی کی لابنگ فرم کے سربراہ اسٹیفن پائن سے اپنے دفتر میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ والی لابنگ فرم پاکستان میں پی ٹی آئی ارکان کو درپیش مسائل سے متعلق کانگریس کے ارکان میں آگاہی پیدا کرے گی۔
پی ٹی آئی امریکا کے ذرائع کے مطابق اس فرم کی خدمات پارٹی کی پاکستانی قیادت کی ہدایت پر حاصل کی گئی ہیں۔
قبل ازیں 9 جنوری کو یہ خبریں آئی تھیں کہ پی ٹی آئی نے میڈیا ریلیشننگ اور لابنگ کیلئے امریکا میں دو نئی فرمز سے معاہدہ کرلیا ہے۔
پی ٹی آئی امریکا کے رہنما عاطف خان نے اس وقت تصدیق کی تھی کہ یہ دو فرمز پاکستان میں انتخابات کے مانٹیرنگ کے علاوہ امریکا اور انٹرنیشنل میڈیا سے رابطے میں رہیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہان دو امریکی پی آر فرمز سے تین ماہ کا معاہدہ کیا گیا ہے، یہ لابنگ فرمز 10 دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
پی ٹی آئی نے ماضی میں( جولائی 2021 میں) سی آئی اے کے سابق عہدیدار رابرٹ لارنٹ گرینیے کی فرم کو بھی پارٹی کی لابنگ کیلئے ہائر کیا گیا تھا۔ یہ کنٹریکٹ خفیہ طور پر افتخار درانی نے سائن کیا تھاجس کی فیس 25 ہزار ڈالر ماہانہ تھی۔
اپریل 2022 میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد امریکا میں پارٹی نے لابنگ فرم فینٹن ارلوک کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔
لابی فرم نے امریکا میں سینکڑوں امریکی اور مغربی میڈیا کے اداروں سے رابطہ کیا تھا اور بانی جماعت کے متعدد انٹرویوز کرائے تھے۔