(ویب ڈیسک) اب پاکستان میں موبائل فون اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر آلات تیار ہوں گے، پی ٹی اے نے شفارشات تیار کر لیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی( PTA )نے مقامی سطح پر موبائل فون ، لیپ ٹاپ اور دیگر آٹی( IT )آلات تیار کرنے کی سفارشات تیار کر لی ہیں۔درآمدی بل کم کرنے اور ملک میں مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بڑھانے کےلیے پی ٹی اے نے موبائل فون مینوفیکچرنگ پالیسی میں ترمیم کی تیاری کر لی ہے۔
پالیسی میں ترمیم کی بدولت پاکستان میں موبائل فون، لیپ ٹاپ، کار ٹریکرز ، سگنل بوسٹرز اور دیگر آلات کی تیاری کے ساتھ ساتھ فائیو جی( 5G )موبائل فونز کی تیاری بھی ممکن ہوگی جبکہ بائیومیٹرک اور پوائنٹ آف سیل مشینیں، موبائل فون کے لیے سگنل بوسٹرز اور انٹرنٹ سے متعلق دیگر آئی ٹی مصنوعات کی تیاری بھی سفارشات کا حصہ ہیں۔
پی ٹی اے سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں 31 پاکستانی رجسٹرڈ کمپنیوں نے ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد موبائل فون تیار کیے لیکن یہ ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔
پی ٹی اے کی سفارشات کے مطابق پہلے سے رجسٹرد کمپنیوں کے ساتھ نئی کمپنیوں کو بھی مینوفیکچرنگ لائسنس دیے جائیں گے اور 5G موبائل فونز سمیت دیگر پاکستان میں بنائی جانے والی مصنوعات افریکا ،مشرق وسطٰی سمیت دیگر ممالک کو برآمد کرنے میں بھی سہولت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے کی ان سفارشات سے نہ صرف بھاری درآمدی بوجھ کم ہو گا بلکہ ملک میں روزگار کے نئے دروازے بھی کھل جائیں گے۔