ویب ڈیسک: کراچی کے نجی اسکول میں اردو بولنے پر طالبعلم کے منہ پر کالا رنگ لگانے والے استاد کو اسکول سے فارغ کر دیا۔
چیئرمین آل پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ طارق شاہ کا کہنا ہے کہ بچے کو اردو بولنے پر ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی اسکول سے معلوم ہوا کہ اسکول ٹیچر نے بچے کے ساتھ یہ حرکت کی، ٹیچر کو اسکول انتظامیہ نے شوکاز دیا، آج اسکول انتظامیہ نے اس کو اسکول سے فارغ کر دیا ہے۔
طارق شاہ کا کہنا ہے کہ ٹیچر کی اس حرکت پر تمام والدین سے معذرت کرتے ہیں، اسکولوں میں طالبعلموں کو ہراساں کرنے پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے نجی اسکول میں طالبعلم کی جانب سے اردو بولنے پر استاد نے شاگرد کے منہ پر کالک مل دی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔