ویب ڈیسک:متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کردیا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لال حویلی پہنچے اور شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے 2 یونٹس سمیت 7 اراضی یونٹس سیل کر دیے۔
واضح رہے کہ متروکہ وقف املاک کی جانب سے شیخ رشید کو لال حویلی خالی کرنے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی کے خلاف کارروائی عدالت میں چیلنج کردی تھی۔
شیخ رشید نے راولپنڈی کے سول جج نوید اخترکی عدالت میں دائر اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لال حویلی اور ملحقہ اراضی کیس ابھی زیر سماعت ہے، لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان کا کہنا تھا کہ متروکہ وقف املاک لال حویلی کو سیل کرنے جا رہی ہے، لال حویلی سمیت 7 اراضی یونٹس متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہیں، لال حویلی کا قبضہ واگزار کرانے کیلئے ایف آئی اے اور پولیس کی مدد طلب کر لی گئی ہے۔
آصف خان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سے متعلق کوئی دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی خط لکھا تھا۔