شہری غیر محفوظ، دن دیہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات

30 Jan, 2021 | 02:18 PM

Arslan Sheikh

فخر امام: گڑھی شاہو پل پر ڈکیتی کی واردات، ملزمان شہری سے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

شہر میں نان سٹاپ وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، دن دیہاڑے مطیع اللہ نامی شخص ایک کروڑ 90 لاکھ روپے سے محروم ہوگیا، متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ بھائی کے ساتھ ہال روڈ سے رقم لےکر بیگم پورہ گھر جا رہا تھا کہ گڑھی شاہو پل پہنچا تو نامعلوم ملزمان نے روکا، اسلحے کے زور پر دھمکیاں دیں اور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ شہری نے بتایا کہ فوری 15 پر کال کی مگر ریسپانڈ نہیں کیا گیا۔ بھائی نے ہال روڈ دکانداروں سے مال سپلائی کرکے رقم لی تھی، اس دوران ایک نامعلوم شخص پیچھا بھی کر رہا تھا، شبہ ہے کہ وہ شخص بھی ملوث ہے۔

دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 15 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی ہے مزید کارروائی جاری ہے۔

یاد رہے دو روز قبل ڈاکوؤں نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ہمسائے ڈاکٹر عرفان کے گھر لوٹ مار کرتے ہوئے اٹھائیس لاکھ نقدی، ایک سو پچیس تولے سونا، گیارہ موبائل فون اور گھر میں کھڑی گاڑی بھی لے اڑے تھے۔

قبل ازیں ماڈل ٹاؤن میں ہی ہارون نامی شہری کے گھر سے ایک کروڑ چھہتر لاکھ روپے سے زائد کی واردات کی۔ ایک اور واردات میں امجد نامی شہری کو چالیس لاکھ مالیت کی نقدی و زیورات سے ہاتھ دھونا پڑے۔ شہریوں کا کہنا ہے پولیس زبانی جمع خرچ سے باہر نکلے اور جرائم پیشہ عناصر کو کٹہرے میں لائے۔ 

پولیس نے کرائم سین سے شواہد اکٹھے کرکے جلد ملزمان کی گرفتاری کا دعوی کیا ہے، پولیس کے دعوے اپنی جگہ لیکن ابھی گزشتہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کا بھی تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا، بڑھتی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔  

مزیدخبریں