لیسکو کا نجی وسرکاری محکموں کے کنکشن منقطع کرنے کا فیصلہ

30 Jan, 2020 | 09:37 PM

Arslan Sheikh

( شاہد ندیم ) لیسکو نے تیرہ ارب روپے کے بلوں کی عدم ادائیگی پر چار سو نجی و سرکاری محکموں کے کنکشن منقطع کرنے کا فیصلہ کرلیا، کل تک عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں اربوں روپے بل جمع نہ ہونے پر ریکوری مہم میں کنکشن منقطع کئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ سمیت دیگر افسران نے مختلف نادہندہ محکموں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کر کے بل جمع کروانے کی درخواست کی، تاہم مقررہ تاریخوں میں توسیع کے باوجود بلوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جس پر لیسکو نے کل کے روز تمام کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

لیسکو نادہندہ سرکاری محکموں میں واسا، محکمہ آبپاشی، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، محکمہ پولیس، سیف سٹی اتھارٹی، رنگ روڈ اتھارٹی اور محکمہ اوقاف سمیت دیگر محکمے شامل ہیں۔ ان محکموں کے ذمے ساڑھے چار ارب روپے کے بل واجب الادا ہیں۔

اسی طرح نجی صارفین نے بلوں کی مد میں ساڑھے آٹھ ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ ذرائع کے مطابق صنعتی صارفین کے کوارٹر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے کیسز عدالت میں ہونے کی وجہ سے ریکوری متاثر ہوئی ہے۔

مزیدخبریں