( شہزاد خان ) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ جمعرات کے روز فی تولہ سونا تین سو روپے مزید مہنگا ہوگیا ہے۔ سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صرافہ بازاروں کی رونقوں کو ماند کرکے رکھ دیا ہے۔
شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونا مزید تین سو روپے مہنگا ہوگیا جس کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونا اکیانوے ہزار چار سو پچاس روپے کا ہوگیا ہے اور بایئس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت تراسی ہزار سات سو پچاس روپےدیکھی گئی۔
صدر لاہور ڈویژن صرافہ ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل کہتے ہیں کہ سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتیں گاہکوں کیساتھ ساتھ تاجران کیلئے بھی درد سر بنی ہوئی ہیں۔ سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہونے کے باعث بازاروں کی رونقیں ماند پڑگی ہیں اور تجارت بھی شدید مندے کا شکار ہے۔
شہریوں نے سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہونے کے باعث سونے کی خریداری ترک کردی ہے۔