( وقاص احمد ) ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈاکٹر احمد کے خلاف پریس ریلیز جاری کروا دی، ترجمان ریسکیو کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ڈاکٹر احمد کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے گئے ہیں، ڈاکٹر احمد نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی دوبارہ تعیناتی پر ہائی کورٹ میں رٹ کررکھی ہے۔
ڈی جی ریسکیو اور سابق ڈی ای او لاہور کے مابین جنگ شدت اختیار کرگئی ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈاکٹر احمد کے خلاف پریس ریلیز جاری کروا دی گئی۔ ترجمان ریسکیو کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ڈاکٹر احمد کے خلاف سخت اور نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔ ڈاکٹر احمد نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی دوبارہ تعیناتی پر ہائی کورٹ میں رٹ کررکھی ہے، جس پر عدالت نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی ذاتی حیثیت میں جبکہ متعلقہ اداروں کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احمد اور ڈاکٹر رضوان نصیر کے مابین اختلافات 2012 میں شروع ہوئے، ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی طرف چائنہ سے ایمبولینس خریداری پر ڈی او لاہور نے اعتراضات اٹھائے، جواب میں ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈاکٹر احمد کو بہاولنگر ٹرانسفرکردیا مگر ڈاکٹر احمد کا تبادلہ ڈی سی او لاہور اور بعد میں ہوم سیکرٹری نے روک دیا۔
یہ سلسلہ رکا نہیں بلکہ جاری رہا اور ڈاکٹر رضوان نصیر نے سابق دور میں ڈاکٹر احمد کو نوکری سے برطرف کردیا مگر برطرفی کا نوٹیفکیشن ہوم سیکرٹری نے معطل کردیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے نیا کنٹریکٹ ملنے پر 25 جنوری کو ڈاکٹر احمد کی برطرفی کا دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کردیا اور ایک بار پھر 29 جنوری کو ایس اینڈ جی اے ڈی نے ڈاکٹر احمد کی برطرفی کو معطل کردیا۔
اس انا اور مفادات کی جنگ میں ریسکیو ادارے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے جبکہ ریسکیورز میں اضطراب اور بددلی پھیل رہی ہے۔