عثمان علیم: زینب قتل کیس کے بعد پنجاب حکومت کا مختلف کیسز میں ملوث 20لاکھ مجرموں کے فنگر پرنٹس پر مشتمل ڈیٹا بیس کی تیاری کا فیصلہ، ڈیٹا بیس کی تیاری، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو مزید اپ گریڈ کرنےکے لیے صوبائی ترقیاتی بورڈ نے فنڈز جاری کرنے کی حتمی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے مختلف کیسز میں ملوث ملزمان کے 20 لاکھ فنگر پرنٹس پر مشتمل ڈیٹا بیس کی تیاری کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔ جس کی تیاری کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔ 49 کروڑ 50 لاکھ کی لاگت سے جدید آٹومیٹک فنگر پرنٹس سسٹم کی خریداری کی جائے گی۔ منصوبے پر عملدرآمد کرانے کے لیے محکمہ پی اینڈ ڈی میں چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ جہانزیب خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منصوبے کے تحت پنجاب کی بڑی جیلوں میں قید تمام مجرموں کے فنگر پرنٹس اور پام پرنٹس لیے جائیں گے۔ جس کے لیے جدید طرز کے 40 رول سکینرز کی تنصیب کی جائے گی۔ ڈیٹا بیس کا سینٹرل سیٹلائٹ سسٹم پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں بنایا جائیگا۔ جدید فنگر پرنٹ سسٹم30 سیکنڈ میں1 کروڑ فنگر پرنٹس میچ کر سکے گا۔ 3 ماہ میں منصوبے کے لیے درکار مشینری خریدی جائے گی۔ منصوبے کو 6ماہ میں آپریشنل کر دیا جائیگا۔