نبیل رضا ملک: لاہورایئرپورٹ انتظامیہ فروری کے آخر میں ہنگامی مشقوں کا انعقاد کرے گی، آخری مرتبہ دو سال قبل ہنگامی مشقیں ہوئی تھیں۔ اس دوران پی آئی اے کا مسافر طیارہ استعمال کیا جائے گا
تفصیلات کے مطابق اگر کسی بھی مسافر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ ہو تو کیا کرنا ہے، طیارہ ہائی جیکنگ کی صورت میں کیا کرنا ہے، اگر کسی طیارے میں آگ بھڑک اٹھے تو کیا کرنا ضروری ہے، ان تمام سوالوں کے جواب کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ رواں برس فروری کے آخری ہفتے میں لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی مشقوں کا انعقاد کرے گی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مشقوں کے انعقاد کا مقصد ایئرپورٹ پر کام کرنے والے سٹاف کی عالمی معیار کے مطابق تربیت کرنا ہے۔ مشقوں میں پاک فوج، ایئرفورس، نیوی، ریسکیو 1122 ، پنجاب پولیس، سول ڈیفنس، ہلال احمر، میو ہسپتال انتظامیہ ، پی آئی اے، ایئربلیو، شاہین ایئر، امارات ایئر، قطر ایئر ، اتحاد ایئر، عمان ایئر، سعودی ایئر، تھائی ایئر، ازبک ایئر ، ایئر عریبیہ، سیرئین ایئر، مالینڈو ایئر، گلف ایئر، سول ایوی ایشن، اے ایس ایف، اے این ایف، کسٹمز حکام سمیت دیگر تمام محکمے بھی ان فرضی مشقوں میں شریک ہوں گے۔
مشقوں کی کوریج کے لیئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اس دوران پی آئی اے کا مسافر طیارہ استعمال کیا جائے گا۔ جسے فرضی دشت گرد فرضی ہائی جیک کریں گے اور بعد ازاں اے ایس ایف کمانڈوز فرضی دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔ اس دوران ایئرپورٹ ملازمین کے اہلخانہ بھی ہنگامی مشقوں میں شریک ہو سکیں گے۔ مشقوں میں شرکت کے لیئے شرکاء کو اے ایس ایف کی جانب سے خصوصی سکیورٹی پاسز بھی جاری کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں مشقیں صبح 9 بجے سے دن 1 بجے تک جاری رہیں گی۔ اس دوران آنے جانے والی پروازوں کا آپریشن بالکل بھی متاثر نہیں ہوگا ۔