خان شہزاد: پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اصغرعلی کی سربراہی میں شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی واٹر برانڈز کیخلاف چھاپے، 6غیر قانونی واٹر برانڈ سیل کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، رانا تنویرحسین کی خصوصی ہدایات پر پاکستان سٹینڈرڈاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی سپیشل ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں برکت مارکیٹ، ماڈل ٹاؤن، لنک روڈ، مصطفی ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن ،رحمت چوک میں کارروائی کی۔ ٹیم نے المکہ پیور واٹر، بلیو آئس واٹر، واٹر میکس، فریشلے واٹر، مشک فلو واٹر، میلیور واٹر برانڈز موقع پر سیل کردیئے۔ جبکہ واٹر پلس، جامی واٹر اور ایری واٹر برانڈکو وارننگ نوٹس دیئے گئے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل انجینئرخالد صدیق نےاتھارٹی کو خصوصی ٹاسک دیا کہ وہ غیر معیاری اور بغیرلائنس کھانے والی اشیاء اور پانی کی تیاری میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
ڈی جی خالد صدیق کا کہنا تھا کہ غیرمعیاری کھانے پینے والی اشیاء کی تیاری کو روکنے اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کارروائی جاری رکھی جائیگی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اصغرعلی نے کہا دکاندار حضرات غیر معیاری اورغیر قانونی برانڈ کی فروخت نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔