اسرا خان :لاہور میں پولیس اہلکاروں کی شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں بھی بڑھنے لگیں۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل کمشنر بھی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لٹ گیا، مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
پنجاب سوسائیٹی کا رہائشی ریٹائرڈ ایڈیشنل کمشنر بھی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لٹ گیا ۔ متاثرہ شہری احمد کمال کی درخواست پر سبزہ زار پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔ مقدمے میں اغواء، بھتہ خوری اور پولیس آرڈر 2002ء کی دفعات شامل کی گئیں ۔ مقدمے میں مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 4 پولیس اہلکاروں نے 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب ملتان روڈ پر منڈی سٹاپ کے قریب گاڑی روکی ۔ اہلکاروں نے تلاشی کے بہانے کار سوار شہری احمد کمال سے 27 ہزار اور کلثوم بی بی سے 40 ہزار روپے بٹورے ۔ ایک اہلکار گاڑی میں بیٹھ کر گن پوائنٹ پر ہراساں کرتا رہا ۔ ملزمان 67 ہزار لوٹنے کے بعد دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔