ویب ڈیسک : رجب المرجب کا چاند نظر آنے کے حوالے سے رویتِ ہلال کے حکام کا بیان سامنے آگیا ۔
سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ 29 جمادی الثانی بروز بدھ یکم جنوری 2025ء کی شام موسم صاف ہونے پر ہلال کی رویت بہ آسانی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم رجب المرجب جمعرات 2 جنوری کو ہو گی۔ نیا چاند منگل 31 دسمبر 2024ء کو پاکستانی وقت کے مطابق قبل از صبح 3 بج کر 27 منٹ پر پیدا ہو گا اور 29 جمادی الثانی یعنی بدھ یکم جنوری 2025ء کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 37 گھنٹوں سے بھی زائد ہوچکی ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہوگا، وہاں بدھ یکم جنوری کی شام ہلال کی رویت بہ آسانی ممکن ہو گی۔
دوسری جانب غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، وہ گلگت اور مظفر آباد میں 80 منٹ ، چارسدہ ، پشاور ، راولپنڈی اور لاہور میں 81 منٹ ، کوئٹہ میں 83 منٹ جب کہ سب سے زیادہ کراچی اور جیوانی میں 85 منٹ ہو گا ۔