سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباد کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا ، ایک سو اٹھارہ سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی ، اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے، تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کے ساتھ کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی، قائد میاں محمد نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئی مگر اپنی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سر خرو کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ادوار میں ملک میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی، سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا، آج بھی مسلم لیگ ن عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد کی سر پرستی میں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے ۔