امریکا کے سابق صدر انتقال کرگئے

30 Dec, 2024 | 08:53 AM

ویب ڈیسک: خبر رساں اداروں کے مطابق جمی کارٹر 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہے، ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔

تفصیلات کےمطابق جمی کارٹر نے امن کا نوبیل انعام بھی حاصل کیا، صدارت کے عہدے کے خاتمے کے بعد انھوں نے انسانی حقوق کے لیے کام کیا،  جمی کارٹر یکم اکتوبر 1924 کو ریاست جارجیا کے شہر plains میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنا بچپن جورجیا کے شہر آرچری میں گزارا۔

انہوں نے 1946ء میں امریکی نیول اکیڈمی سے گریجویشن کی، اس کے بعد انہوں نے امریکی بحریہ میں ملازمت اختیار کی اور وہاں ایک آبدوز میں کام کیا،بحریہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد جمی کارٹر نے سیاست میں حصہ لیا۔ انہوں نے ریاست جورجیا کی قانون ساز اسمبلی کی نشست جیتی اور اس کے بعد 1971ء میں ریاست جورجیا کے گورنر کا انتخاب جیت لیا۔

دسمبر 1974 میں انہوں نے اگلے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا اور 1976ء میں یہ انتخاب جیت بھی لیا،جمی کارٹر کے دور میں مصر اور اسرائیل کے درمیان مشہور کیمپ ڈیوڈ سمجھوتے پر دستخط ہوئے، سمجھوتے کے تحت مصر نے اسرائیل کو تسلیم کیا جب کہ اسرائیل نے جزیرہ نما سینائی کا مقبوضہ علاقہ مصر کے حوالے کیا۔

جمی کارٹر نے شاہ ایران کی حمایت کی، ایران میں انقلاب کے بعد امریکا اور ایران کے تعلقات خراب ہوئے، ایرانی طلبہ کے ایک گروپ نے تہران کے امریکی سفارت خانے پر قبضہ کرکے 52 امریکی سفارت کاروں اور شہریوں کو یرغمال بنایا۔

رپورٹس کے مطابق ان یرغمالیوں کو چھڑانے میں ناکامی پر امریکا میں جمی کارٹر کی حمایت میں کمی ہوئی اور وہ 1980 میں اگلا الیکشن ریگن سے ہار گئے،وہ امریکی صدور میں سب سے زیادہ عمر پانے والے صدر تھے اور پہلے صدر تھے جنہوں نے سو سال کی عمر پائی۔

مزیدخبریں