راؤ دلشاد: لاہور میں پی ٹی آئی کے بجاش خان نیازی کے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق بجاش خان نیازی کے این اے 129 میں جمع کروائے ہوئے کاغذات نامزدگی سکروٹنی کے مرحلہ سے گزر کر منظور ہو گئے ہیں۔
بجاش خان نیازی کے صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 171 اور پی پی 172 سے بھی کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔
بجاش خان نیازی نے بانی پی ٹی آئی کے 25 مئی 2022 کے اسلام آباد لانگ مارچ میں بھی کردار ادا کیا تھا اور پولیس نے 25 مئی کو لانگ مارچ نکلنے کے بعد ان کے گھر پر چھاپہ مار کر اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ بعد میں انکشاف ہوا تھا کہ ان کے پاس اسلحہ کے درجنوں لائسنس ہیں۔ لاہور پولیس نے ان کے 13 اسلحہ لائسنس منسوخ کئے تھے جبکہ وفاقی وزارت داخلہ نے لاہور پولیس کی درخواست پر ان کے تین اسلحہ لائسنس جون 2022 میں منسوخ کئے تھے۔اس پولیس چھاپے کے متعلق بجاش خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان کے گھر چھاپے کے دوران نواز شریف کی انہیں تحفہ میں دی ہوئی گھڑی بھی چوری کر لی تھی۔ بجاش نیازی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ پولیس نے میرے 28 ویپن پکڑے لیکن ایف آئی آر میں 22 ویپن لکھے گئے ہیں جبکہ میرے لائسنسوں کے مطابق میرے ویپن 29 ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب پولیس نے یہ کارروائی کی تو اس وقت گھر پر موجود نہیں تھا ، میں گھر سے نکلا ، ایک دوست ساتھ تھا اس کو چھوڑنے کیلئے گیا تھا کہ پیچھے سے گھر پر چھاپہ مار دیا گیا ، اسلحہ کے حوالے سے بجاش خان کا کہنا تھا کہ ییہ ان کا شوق بھی ہے اور ضرورت بھی۔
بجاش خان پی ٹی آئی میں جانے سے پہلے ان کے بقول 22 سال تک مسلم لیگ نون میں رہے۔بجاش خان ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک ہیں۔