وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلہ  

30 Dec, 2022 | 09:08 PM

Imran Fayyaz

(ویب  ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں ملک کے تین ہوائی اڈوں کو انٹرنیشنل آپریٹرز کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہاﺅس میں اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس میں بین الاقوامی ساکھ کے حامل انٹرنیشنل آپریٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

 پہلے مرحلے میں ملک کے تین ہوائی اڈوں کو انٹرنیشنل آپریٹرز کے ذریعے چلایا جائے گا ،انٹرنیشنل آپریٹرز اسلام آباد، لاہوراورکراچی کے ہوائی اڈوں کوچلانے میں معاونت فراہم کریں گے ، 20 سے 25 سال کے دورانیہ کی مدت کیلئے انٹرنیشنل آپریٹرز ان اداروں کو چلانے میں مدد کریں گے ۔

اجلاس میں ورلڈ بینک کے زیرانتظام ’آئی ایف سی‘ کی معاونت حاصل کرنے کی منظوری دے دی گئی،ورلڈ بینک کا ذیلی ادارہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کنسلٹنسی کے فرائض انجام دے گا ،انٹرنیشنل آپریٹرز ہوائی اڈوں پر سروس کے بین الاقوامی معیار مہیا کریں گے ،غیر ملکی سرمایہ کاری سے ہوائی اڈوں میں جدت اور بہتری لائی جائے گی۔

اجلاس نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو ضابطے کی کارروائی کے آغاز کی ہدایت کردی،وزیراعظم نے تمام عمل شفافیت کے اعلیٰ ترین معیارات اور ملکی قوانین کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

44 ممالک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فارمولے پر عملدرآمد ہو رہا ہے،ان ممالک میں امریکہ، برطانیہ، بھارت، بحرین، برازیل شامل ہیں جہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اصول پر ہوائی اڈوں کا انتظام چلایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں