بلدیاتی انتخابات کب ہونگے؟ ہائیکورٹ نے بڑا حکم دے دیا

30 Dec, 2022 | 05:33 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک: عدالت نے الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئےالیکشن کمیشن کو 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کروانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کامختصر فیصلہ سنایا، اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نےعلی نواز اعوان اور جماعت اسلامی کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا، جبکہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جمع کروایا گیا جواب پیش کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن حکام اٹارنی جنرل کے پاس گئے، اٹارنی جنرل نے وزیرِ قانون سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس کے جواب میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزیر قانون نے ابتدائی طور پر 6 ماہ میں الیکشن کا کہا ہے، الیکشن کمیشن نے 120 دن کے اندر انتخابات پر اصرار کیا۔

الیکشن کمیشن کے جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیر قانون نے بعد میں 4 ماہ کے اندر انتخابات پر رضامندی ظاہر کر دی، اٹارنی جنرل نے وزارتِ داخلہ کے حکام سے بھی رابطہ کیا ہے۔تحریری جواب میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے معاملے پر آج میٹنگ رکھی ہے، وزیر داخلہ کی جانب سے حکام نے جواب سے آگاہ کیا، وزیر داخلہ اکیلے وعدہ نہیں کر سکتے، وفاقی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل سردار تیمور اسلم ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنا بوجھ عدالت پر ڈالنے کی کوشش کی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا کبھی نہیں کہا تھا، الیکشن کمیشن نے مجوزہ قانون سازی کا سہارا لیا، صدر کے دستخط نہ ہونے کے باعث اسے قانون سازی نہیں، مجوزہ بل ہی کہا جائے گا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن شیڈول کسی عدالت کے سامنے چیلنج ہوا؟ اگر چیلنج نہیں ہوا تو الیکشن شیڈول تو ابھی بھی موجود ہے، جس کے جواب میں ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ نہیں، بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔

عدالت نے سوال کیا کہ اگر ہم آپ کی رٹ پٹیشن منظور کریں تو کیا الیکشن کمیشن انتخابات کرا سکتا ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن خود کہہ چکا ہے کہ تمام تیاری مکمل اور صرف سامان کی ترسیل باقی ہے، الیکشن کمیشن بے شک ایک ہفتے بعد انتخابات کروالے۔

مزیدخبریں