ویب ڈیسک : وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس بات کااعتراف کیا ہےکہ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے،کوشش کر رہے کہ عوام کو تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔
اسلام آباد میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ 74 سال عوام کو صرف خواب دکھائے گئے، اب ایک شخص عمران خان آیا جس نے کہا کہ معیشت کو عوام کے لئے ترقی دیں گے، وزیراعظم نے کہا کہ کچھ ایسا کریں جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکل نہ ہو اور عوام کےلئے آسانیاں پیدا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر ایک ہی ہے جس کا نام عمران خان ہے، وزیراعظم عمران خان وہ شخص ہیں جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتے ہیں اور کہتےہیں کہ غریب کی حالت بہتر کرنے کے لئے انتظار نہیں کرنا، وزیراعظم کہتےہیں ایسا کام کروکہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، نچلے طبقے میں خوشحالی آئے گی تو تب اصل پاکستان بنے گا، جب تک وزیرخزانہ ہوں عمران خان کا یہ خواب پورا کرتا رہوں گا اور مسائل پر قابو پانے کےلئے دن رات کام کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ثمرات اوپر سے نیچے تک لانے کی بات کی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوا مگر فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی ہے، بڑے بینک اب زراعت کے شعبے میں قرضہ دیں گے اور زراعت میں تین سال کا بلا سود قرضہ دیاجائے گا، موجودہ دور میں لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جارہا ہے۔