اساتذہ کی بھرتیوں کی پالیسی تبدیل

30 Dec, 2020 | 04:13 PM

M .SAJID .KHAN

(اکمل سومرو)لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری کالجوں میں کالج ٹیچرز انٹرنز بھرتیوں کی پالیسی پھر تبدیل، سنٹرلائزڈ پالیسی کے بجائے ہر کالج میں سی ٹی آئیز کی بھرتیوں کے لئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری کالجوں میں آن لائن بھرتیوں کی پالیسی نافذ ہونے سے پہلے ہی اچانک تبدیل کردی گئی ہے، کالجز میں سی ٹی آئیز کی بھرتیوں کے لئےسابق سیکرٹری ارم بخاری نے سینڑلائزڈ پالیسی مرتب کی تھی، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پہلے فیز میں 3000 اساتذہ بھرتی ہوں گے، کالج ٹیچرز انٹرنز کی بھرتیاں 2019ء کی پالیسی کے تحت کی جائیں گی۔

امیدواروں کو متعلقہ کالج میں ہی درخواست جمع کرانا ہوں گی، بھرتیوں کے لئےمحکمہ نے اشتہار جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، اشتہار آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا، فیز ٹو میں دو ہزار کالج ٹیچرز انٹرنز بھرتی ہوں گے۔

دوسری جانب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے دو سال بعد گریڈ سترہ اور اس سے زائد کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے، بھرتیاں لیکچررز اور دیگر آسامیوں کے لئے کی جائیں گی، دو سال بعد وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کے دور میں پہلی بھرتیاں ہونے جا رہی ہیں۔

انتظامیہ نے بھرتی کے لیے ٹیسٹ کا شیڈول جاری کردیا ہے، لیکچرر کی پوسٹ کے لیے ٹیسٹ 4 جنوری کو ہوں گے جبکہ ڈپٹی رجسٹرار اور ڈیٹا پروسیسر کے لیے ٹیسٹ 5 جنوری کو ہوگا، اسی طرح آفس سیکرٹری، ریسرچ ایسوسی ایٹ کے ٹیسٹ چھ جنوری اور ریسرچ ٹیچنگ اسسٹنٹ کیلئے ٹیسٹ 8 جنوری کو ہوں گے۔

25 سے زائد لیکچرز کی پوسٹوں پر بھی بھرتیاں ہوں گی، ٹیسٹ میں پاس ہونے والوں کا سلیکشن بورڈ ہوگا، سلیکشن بورڈ کے بعد سینڈیکیٹ سے امیدواروں کی منظوری لی جائے گی، قوانین کے مطابق گریڈ سترہ سے زائد کی اسامی کی منظوری سنڈیکیٹ سے لی جاتی ہے۔

مزیدخبریں