وقارگھمن: لاہور میں شدید سردی کی لہر نے کڑاکے نکال دئیے، درجہ حرارت 2 ڈگری کے قریب پہنچ گیا۔ آخری بار دوہزار سات میں منفی 1ڈگری درجہ حرارت لاہور میں ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم شدید سرد رہے گا۔
لاہور شہر میں آجکل خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے۔ شدید سردی کی لہر نے شہریوں کو ٹھٹھرنے پر مجبور کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت دو اعشاریہ دو ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ اکتیس دسمبر دوہزار سات کو درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا تھا۔
میٹرولوجسٹ ثاقب حسین کہتے ہیں یکم جنوری تک موسم شدید سرد رہے گا۔ جبکہ یکم جنوری سے مغربی ہواوں کے ملک میں داخل ہونے سے سردی کی شدت میں کمی آئیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ جمعہ کے روز بارش کا امکان ہے۔